کویت اردو نیوز 20 فروری: بھارت میں حجاب پر پابندی کیخلاف کویتی پارلیمنٹ ممبران نے حکومت سے بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) ارکان کے ملک میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف کویت کے پارلیمنٹ ممبران نے بھی اپنی آواز بلند کرتے ہوئے کویتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انتہا پسند ہندو حکمران جماعت کے اراکین کو ملک میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔ کویت کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر صالح کی جانب سے ایوان میں ایک قرارداد پیش کی گئی ہے جس پر دس سے زائد ارکان پارلیمنٹ کے دستخط موجود ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں مسلمان لڑکیوں پر سرعام ظلم ڈھایا جارہا ہے، حجاب تنازع کے ذمہ دار بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) رہنما ہے لہٰذا اس جماعت کے ممبران کی کویت میں داخلے پر پابندی لگائی جائے۔
اس حوالے سے کویت میں بھارت کے سفارتخانے کے باہر بھی احتجاج کیا گیا ہے جس میں مظاہرین نے بی جے پی حکومت سے اس متنازع اور مسلم دشمن اقدام کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ چند روز قبل بھارت میں مسلم خواتین کے خلاف حملوں کو مسترد کرتے ہوئے اور باپردہ حجابی خواتین کے حق میں کویت میں انسانی حقوق کے کارکنوں کے ایک گروپ نے الارادہ اسکوائر میں بھی بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں: کویتی خواتین بھارتی مسلمان خواتین کے حق میں سڑکوں پر نکل آئیں
واضح رہے کہ بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف صرف اندرون ملک ہی آوازیں نہیں اٹھ رہیں بلکہ کئی ممالک اس کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں جبکہ پاکستان، ترکی کے ساتھ ساتھ اسلامی ممالک اتحاد نے اس معاملے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کئی بین الاقوامی شخصیات بھی اس پابندی کے خلاف آواز بلند کررہی ہیں۔