کویت اردو نیوز 15 مارچ: پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کی سرمایہ کاری اور ترقیاتی بینکنگ سرگرمیوں کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ نے پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے چیئرمین محمد الفارس سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین اور محمد الفارس نے پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی مزید برآں معززین نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان کے وزیر خزانہ نے کوویڈ 19 کے آزمائشی وقت میں پاکستانی معیشت کو درپیش معاشی رکاوٹوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جن سے
ملک کے مجموعی معاشی منظرنامے میں بہتری آئی ہے۔ وزیر خزانہ نے پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کی سرمایہ کاری اور ترقیاتی بینکنگ سرگرمیوں کو سراہا۔ حکومت پاکستان اور کویت کے درمیان یہ مشترکہ منصوبہ معیشت کے مختلف شعبوں میں
صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں قابل تعریف کردار ادا کر رہا ہے۔ محمد الفارس نے کہا کہ کویت پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں فریقوں نے سرمایہ کاری، تجارت اور کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں ان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کا عہد کیا۔ وزیر خزانہ نے چیئرمین پاک کویت انوسٹمنٹ کمپنی کی نیک نیتی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں اس میں مزید اضافے کی امید ظاہر کی۔