کویت اردو نیوز : پاکستان کی سستی ترین ایئرلائن فلائی جناح نے اسلام آباد اور مسقط کے درمیان نیا بین الاقوامی روٹ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور پہلی پرواز 10 مئی کو روانہ ہوگی۔
فلائی جناح کے تیسرے بین الاقوامی روٹ کے آغاز کے حوالے سے ائیر لائن کے ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد اور لاہور سے شارجہ تک بین الاقوامی پروازوں کے کامیاب آغاز کے بعد فلائی جناح اپنا تیسرا بین الاقوامی روٹ اسلام آباد سے عمان کے دارالحکومت مسقط تک متعارف کرانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ ایک اور سنگ میل عبور کرنے پر ہمیں انتہائی فخر ہے۔
ترجمان نے کہا کہ فلائی جناح اس وقت اپنے بیڑے میں 5 ایئربس 320 طیاروں کے ذریعے پاکستان کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں خدمات انجام دے رہی ہے۔
پاکستان کی سستی ترین ایئرلائن فلائی جناح کیمطابق فلائی جناح 10 مئی سےاسلام آباد اور عمان کےدارالحکومت مسقط کےدرمیان اپنی پہلی نان اسٹاپ پروازشروع کررہی ہے اور ابتدائی طور پر اس نئے روٹ پر جمعہ اور اتوار کو ہفتہ وار دو پروازیں چلائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فلائی جناح اپنے مسافروں کو سستی ہوائی سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، یہ نیا روٹ فلائی جناح کے شارجہ، یو اے ای سمیت بین الاقوامی روٹس کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔