کویت سٹی 18 جون: روزنامہ عرب ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے کرفیو اوقات میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے جس کے تحت کرفیو اوقات شام 6 بجے سے صبح 4 بجے تک ہو جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزراء کونسل ممکنہ طور پر سپریم وزارتی کمیٹی کی تجاویز پر عمل پیرا ہوگی جو روزانہ انفیکشن کی صورتحال اور اس کے پھیلاؤ سے متعلق روزانہ کی جانے والی رپورٹوں اور اعدادوشمار کی پیروی کرتی ہے اور رپورٹس کی بنیاد پر ہی معمول کی زندگی میں واپسی کے پہلے منصوبے کا اندازہ لگایا جائیگا۔
وزیراعظم شیخ صباح الخالد نے عزم کیا ہے کہ اس پر قابو پانے اور دوسرے مرحلے میں جانے کے لئے پانچ شرائط کو پورا کرنا ہوگا۔
روزنامہ کے باخبر ذرائع نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں بنیادی طور پر صحت کی ہدایات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے کویت کے شہریوں میں زیادہ تعداد میں انفیکشن کی وجہ سے دوسرے مرحلے میں منتقلی میں تاخیر ہوسکتی ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ محکمہ صحت دوسرے مرحلے میں شام 9 بجے سے صبح 6 بجے تک جزوی کرفیو کی مدت میں ترمیم کرنے کی درخواست کا مطالعہ کر رہا ہے اور ممکنہ طور پر کرفیو کے اوقات شام 6 بجے سے صبح 4 بجے تک ہونگے۔ رات 9 بجے سے کرفیو کی اجازت دینے سے خاندانی اور معاشرتی اجتماعات میں اضافہ ہوگا خاص طور پر رہائشی علاقوں میں جس سے انفیکشن اور وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے لہذا صبح کے اوقات کے دوران پابندی کی مدت کو کم کرنا صحت کے معیار کے مطابق بہتر انتخاب سمجھا جاتا ہے۔
ذرائع نے اشارہ کیا ہے کہ صحت کے حکام پہلے مرحلے کی ایک جامع جائزہ رپورٹ پیش کریں گے جس میں ان کے علاقوں میں انفیکشن کی شرح بھی شامل ہوگی اسکے علاوہ قرنطین کئے گئے علاقوں کے لئے نئے فیصلوں پر بھی غور ہوگا۔ جن علاقوں کو قرنطین کیا گیا ہے انکا قرنطین ختم کیا جائیگا اور ممکنہ طور پر دوسرے علاقوں کو قرنطین کیا جائیگا۔
حوالہ: عرب ٹائمز