کویت اردو نیوز 15 ستمبر: کویت عرب دنیا میں ساتویں اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک میں مرکزی بینک کے سونے کے ذخائر رکھنے کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے جو گزشتہ جولائی کے آخر میں تقریباً 79 ٹن تھے جو دنیا میں کل ذخائر کا 8.7 فیصد ہیں جبکہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ سونے کے ذخائر رکھنے والے ممالک کی فہرست میں کویت کا 41واں نمبر ہے۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے جاری کردہ اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی عرب سونے کے ذخائر کے حجم (323.1 ٹن) کے لحاظ سے عرب دنیا کے ممالک میں سرفہرست ہے جو کہ اس کے غیر ملکی اثاثوں کے کل ذخائر کا صرف 3.8 فیصد بنتا ہے جو سعودی عرب کو عالمی سطح پر 18ویں نمبر پر رکھتا ہے۔ اس کے بعد عرب دنیا میں لبنان دوسرے نمبر پر ہے اور جولائی کے آخر میں 286.8 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ عالمی سطح پر 20 ویں نمبر پر ہے، جو لبنان کے غیر ملکی اثاثوں کے ذخائر کے 50.3 فیصد کے برابر ہے۔ الجزائر عرب دنیا میں 173.6 ٹن سونے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، جو ذخائر کے 16 فیصد کی نمائندگی کرتا ہے جس سے عالمی سطح پر اس کا 26 ویں نمبر ہے۔
اس کے بعد عراق چوتھے نمبر پر ہے جس کے پاس 130.4 ٹن سونے کے ذخائر ہیں جو کل ذخائر کا 9.5 فیصد ہے اس وجہ سے عالمی سطح پر عراق 30 ویں نمبر پر ہے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ سونے کے دنیا کے مرکزی بینکوں کے ذخائر گزشتہ جولائی کے آخر میں 35,393 ٹن تھے جبکہ
ریاستہائے متحدہ امریکہ 8,133.5 ٹن کے ساتھ فہرست میں سرفہرست ہے جو کہ امریکی مرکزی بینک کے ذخائر کا 66.9 فیصد ہے۔ اس کے بعد جرمنی کے پاس 3,355.1 ٹن سونا ہے جو بنڈس بینک کے کل ذخائر کا 66.1 فیصد ہے۔ اگر ایشیائی ممالک کی بات کی جائے تو بھارت 769 ٹن سونے کے ذخائر رکھتا ہے جس سے عالمی سطح پر اس کا 9واں نمبر ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کا نمبر 64.65 ٹن ذخائر کے ساتھ 44ویں نمبر پر ہے۔ 14.03 ٹن کے ساتھ بنگلہ دیش 64ویں نمبر پر جبکہ 21.87 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ افغانستان عالمی سطح پر 62ویں نمبر پر ہے۔
سونا خاص طور پر بحران کے دنوں میں ایک محفوظ دھات سمجھا جاتا ہے جسے بہت سے لوگ مہنگائی کے خطرات سے بچنے کے لیے خریدتے ہیں۔ دوسری جانب خلیجی ممالک میں سب سے زیادہ سونے کے ذخائر رکھنے والے ممالک کی فہرست کے لحاظ سے سعودی عرب پہلے، کویت دوسرے، قطر 56.74 ٹن کے ساتھ تیسرے، متحدہ عرب امارات 55.7 ٹن کے ساتھ چوتھے، بحرین 4.67 ٹن کے ساتھ پانچویں جبکہ سلطنت عمان 0.02 ٹن سونے کے ذخائر رکھنے والا چھٹا ملک ہے۔