کویت اردو نیوز 03 فروری: پاکستانی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے نیا ماسٹر پلان ترتیب دیدیا ہے جس میں
سماجی رہنماؤں کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ڈالر قومی خزانے میں جمع کروانے کی درخواست بھی کروائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نے اسلامی مالیات پر منعقد کی گئی ایک خصوصی کانفرنس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا اور سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی بشیر فاروقی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ سرکردہ مخیر حضرات سے اگلے پانچ سالوں کیلئے2 بلین ڈالر قومی خزانے میں جمع کروائیں گے۔
اسحاق ڈار نےکہا کہ اس حوالے سے گورنر اسٹیٹ بینک سے بھی کہوں گا کہ وہ مخیر حضرات کے ایک گروہ سے رابطہ قائم کریں تاکہ غیر ملکی زرمبادلہ میں کمی کم کرنے کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سےڈالر اکھٹے کیے جائیں۔
اس موقع پر سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی بشیر فاروقی نے کہا کہ قومی خزانے میں جمع کروائے گئے فنڈز سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے کوئی منافع نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر کیلئے فنڈ ریزنگ مہم فارن ایکسچینج کی قلت کو کم کرنے میں مدد دے گی، اس قلت کی وجہ سے ملک امپورٹڈ اشیاء کی قلت پیدا ہوگئی ہے، اس مہم میں سیلانی انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کے علاوہ، انڈس ہاسپٹل، اخوت فاؤنڈیشن اور سیٹیزن فاؤنڈیشن بھی شامل ہیں۔