کویت اردو نیوز 03 ستمبر: ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے لئے مراکز کی تبدیلی ہجوم کا باعث بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق روزنامہ القبس کی رپورٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک کی جانب سے الناصر اسپورٹس کلب میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء بند کردیا گیا ہے جبکہ وہاں سے دو ماہ کے دوران 54،000 سے زیادہ لائسنس جاری کیے گئے تاہم مراکز کی تبدیلی سے تجارتی مراکز میں طویل قطاریں منظر عام پر آرہی ہیں اور یہ ملک میں تکنیکی سہولیات کی فراہمی اور نظام کے لئے ایک بڑا سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
جنرل محکمہ ٹریفک نے مخصوص پانچ تجارتی مراکز میں زمرہ جات کی وضاحت کیے بغیر لائسنس درخواست دہندگان کو وصول کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ پانچ تجارتی کمپلیکس ایونیوز مال، الکوت مال، مرینہ مال، سوق شرق اور جہرہ میں الخیمہ مال ہیں۔
اس اعلان کے بعد سینکڑوں زائرین لائسنس تقسیم کرنے والی مشینوں کے سامنے روزانہ جمع ہوتے ہیں لیکن ان میں سے بہت سارے لائسنس حاصل کرنے نہیں کر پاتے۔ تیار لائسنس دینے کے لئے وہاں ذمہ دار افسر کی کوششوں کے باوجود بڑھتی ہوئی تعداد نے ان کوششوں کو بے معنی کردیا ہے۔
بڑھتے ہوئے ہجوم سے قطاروں کی طوالت میں اضافہ ہوتا رہتا ہے اور سخت گرمی میں لوگ کار پارکنگ اور مال کے باہر انتظار کرتے رہتے ہیں جس سے محکمہ ٹریفک کے ملازمین اور لائسنس وصول کرنے والے ذہنی تناؤ کا شکار ہوجاتے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: جمعیہ جانے کے لئے اب ایڈوانس بکنگ کی ضرورت نہیں
دریں اثنا زائرین نے انکشاف کیا کہ کچھ مقامات پر موجود آلات کے ذمہ داران آلات خالی ہونے کے باوجود بھی غیر ملکیوں کو وصول کرنے سے انکار کرتے ہیں۔ اس کے بجائے انہیں دوسری سائٹوں پر منتقل کردیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ایک کمپلیکس کے اندر فروانیہ، حولی اور کیپیٹل گورنیٹ سے آئے زائرین جمع ہو جاتے ہیں۔
یہ بات بھی سامنے آرہی ہے کہ صبح 8 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک لائسنس کے اجراء کا وقت ناکافی ہے اور اس صورتحال سے زائرین سخت پریشان ہیں جبکہ خود کار آلات کا کام کمپلیکس کے اوقات کار کے مطابق ہونا چاہئے تاکہ عوام کی بڑی تعداد اس سے مستفید ہوسکے۔