کویت اردو نیوز ، 29 ستمبر 2023 : بھارت میں ڈاکٹروں نے درد کی شکایت کرنے والے ایک شخص کے پیٹ سے بٹن، ائرفون اور زپ سمیت 150 گھریلو اشیاء نکال دیں۔
شمالی ریاست پنجاب کے شہر موگا کے میڈی سٹی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے ایک سرجری کی جس میں تین گھنٹے لگے۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے جب اس طرح کا انوکھا کیس سامنے آیا ہے۔
ایک 40 سالہ شخص کو بخار، پیٹ میں درد اور متلی کی شکایت پر ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ مذکورہ شخص تقریباً ایک ماہ سے بیمار تھا۔
ڈاکٹروں نے الٹراساؤنڈ معائنہ کیا، جس میں مذکورہ شخص کے پیٹ میں مختلف قسم کی دھاتی اشیاء پائی گئیں۔ اسے فوری طور پر سرجری کے لیے لے جایا گیا۔ بعد میں اسے لائف سپورٹ پر رکھا گیا لیکن بالآخر جمعرات کی صبح اس کی موت ہوگئی۔
اس سے قبل ڈاکٹروں نے اس کے پیٹ کی سرجری کرکے تقریباً 150 اشیاء برآمد کیں جن میں سیفٹی پن، نٹ، بولٹ، تار، دھاگے، لاکٹ، بٹن، ریپر، ہیئر کلپس، شیشے کی گولیاں اور موتیوں کی مالا شامل ہیں۔
ہسپتال کے ڈائریکٹر اجمیر کالرا نے کہا ہے کہ دھاتی اشیاء پیٹ میں شدید انفیکشن کا باعث بنتی ہیں۔
ڈاکٹر کالرا کے مطابق: “میں نے اپنی برسوں کی پریکٹس میں کبھی ایسی صورتحال نہیں دیکھی۔ مریضوں کے پیٹ کے اندر بال یا دیگر چھوٹی چیزیں ملی ہیں، لیکن تقریباً ڈیڑھ سو چیزوں کی مثالیں نہیں ملی ہیں۔
مریض کے اہل خانہ نے بتایا کہ یہ شخص دو سال سے ہاضمے کے مسائل میں مبتلا تھا لیکن شاذ و نادر ہی ان سے اس کا تذکرہ کیا گیا جس کی وجہ سے "ہمارے لیے صورت ال کو سمجھنابےحدمشکل ہوگیا”۔
انہوں نے کہا کہ انہیں (متعلقہ شخص) کو کئی مقامی ڈاکٹروں کے پاس لے جایا گیا لیکن وہ پیٹ میں درد کی وجہ معلوم نہیں کر سکے۔
ان کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ان کی حالت بگڑنے کے بعد وہ بے خوابی کا شکار ہو گئے جس کی وجہ سے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اہل خانہ کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں کہ مذکورہ شخص نے یہ سب چیزیں کیسے نگل لیں۔