کویت اردو نیوز ، 20 اکتوبر 2023: میٹا کی ملکیت والے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام نے فلسطینی صارفین کے بائیو میں ‘دہشت گرد’ لکھنے پر معذرت کی ہے۔
دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام پر کچھ فلسطینی صارفین کو چند روز قبل انکی بائیو میں ‘دہشت گرد’ لکھا گیا تھا۔ اس کی نشاندہی ایک ٹک ٹاک صارف نے ویڈیو بنا کر کی۔
اب میٹا کے ترجمان کا باضابطہ بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے معافی مانگ لی ہے۔ صارفین کے بائیو میں جہاں عربی میں ‘فلسطینی’ لکھا گیا تھا، انگریزی میں اس کا ترجمہ ‘دہشت گرد’ کیا گیا تھا۔
کچھ صارفین کے بائیو میں یہ جملہ بھی لکھا ہوا دیکھا گیا: "الحمدللہ، فلسطینی دہشت گرد اپنی آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں۔”
جب ٹک ٹاک صارف کی ویڈیو سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی تو انسٹاگرام نے خودکار ترجمہ طے کر دیا۔ میٹا کے ایک ترجمان نے دی گارڈین کو بتایا کہ یہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ "ہم نے اس مسئلے کو حل کیا جس کی وجہ سے ہماری کچھ پروڈکٹس کے عربی ترجمے نامناسب تھے۔” ہم معذرت چاہتے ہیں.