کویت اردو نیوز ، 23 اکتوبر 2023: شادی کے موقع پر ‘بارات’ دولہا کو لے کر دلہن کے گھر پہنچتی ہے ، تقریب میں شریک افراد تقریب کے دوران خوشی کا اظہار کرنے کے لیے رقص کرتے ہیں تاہم ایک انوکھا واقعہ توجہ کا مرکز بن گیا، جہاں طلاق کے بعد بیٹی کا استقبال کرنے کے لیے باپ نے بارات بلالی۔
غیر روایتی اور منفرد ‘بارات’ کی ویڈیو لڑکی کے والد پریم گپتا نے فیس بک پر شیئر کی تھی۔
والد نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ جب آپ اپنی بیٹی کی شادی بڑی دھوم دھام سے کرتے ہیں لیکن بعد میں اگر میاں بیوی اور گھر والوں کے درمیان کوئی تنازعہ نکلے تو آپ اپنی بیٹی کو عزت کے ساتھ اپنے گھر واپس لائیں کیونکہ بیٹیاں بہت قیمتی ہوتی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی کے گھر والے خوشی سے اس کے ساتھ شامل ہو رہے ہیں اور پٹاخے پھوڑ رہے ہیں، انہیں تالیاں بجاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ان میں سے ایک عورت کو بیٹی کو گلے لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی ہے ، جسے اب تک 12 ہزار کے قریب صارفین دیکھ چکے ہیں۔ ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مثبت تبصرے کیے جا رہے ہیں۔