کویت اردو نیوز : کیا آپ اس اسٹور سے خریداری کرنا چاہیں گے، جس تک پہنچنے کے لیے 120 میٹر اوپر چڑھنا پڑتا ہے؟
جی ہاں واقعی اسے دنیا کی خطرناک ترین ‘دکان’ قرار دیا گیا ہے۔
یہ دکان چین کے صوبہ ہنان کے شینیوزائی نیشنل جیولوجیکل پارک میں ایک پہاڑی کے وسط میں واقع ہے۔ اس دکان کا مقصد پہاڑی پر جانے والے کوہ پیماؤں کو کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرنا ہے۔
چین کے سوشل میڈیا نیٹ ورک ویبو پر ان کی تصاویر کافی عرصے سے وائرل ہو رہی ہیں اور بہت سے لوگ سوال کر رہے ہیں کہ اس چھوٹی سی دکان میں کام کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے یا نہیں۔
چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دکان میں مشروبات، چپس اور اس طرح کی دیگر اشیاء موجود ہیں اور قیمتیں عام دکانوں سے زیادہ نہیں ہیں۔
دکان پر کام کرنے والے ایک شخص کے مطابق، ہم یہاں زیادہ پیسے نہیں کماتے، لیکن سیاح بہت شکر گزار ہوتےہیں، اس لیے ہمیں لگتا ہے کہ ہمارا کام بہت اہم ہے۔
عام طور پر صبح سے رات تک دکان میں ایک ہی شخص ہوتا ہے اور سامان ہر صبح طلوع آفتاب سے پہلے پہنچا دیا جاتا ہے۔
ایک ملازم نے بتایا کہ نئے ملازمین پہلے تو ڈرتے ہیں لیکن وہ بہت جلد اس کے عادی ہو جاتے ہیں، ہمارے لیے واحد بڑا مسئلہ بیت الخلاء تک رسائی ہے جو نیچے ہے، اس لیے نیچے جانا اور پھر اوپر آنا کافی تھکا دینے والا کام ہے۔