کویت اردو نیوز : حج 2024 ء کیلیے کرونا ویکسین کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج کو حج 2024 کے لیے کورونا سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق ملک میں سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستیں موصول ہو رہی ہیں، حج درخواستیں 15 بینکوں میں جمع کرائی جا سکیں گی۔
وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ 12 دسمبر تک جاری رہے گا، اس بار سرکاری سکیم کے تحت 89 ہزار 605 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔
اس سال مختصر مدت کا حج بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ مختصر حج کرنے والے عازمین 20 یا 21 دنوں میں حج ادا کرنے کے بعد واپس آجائیں گے۔
اس سے قبل نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا تھاکہ ہم نے حج پالیسی 2024 پر 3 ماہ کام کیا، ہم حاجیوں کی دعائیں وصول کرنا چاہتے تھے، اس حوالے سے وزیراعظم نے ہماری رہنمائی کی، سعودی حکومت نے بھی حج پالیسی کی مکمل حمایت کی ۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ آئندہ حج اگلے سال سے سستا ہو، گزشتہ حج 11 لاکھ 75 ہزار روپے تھا، اس سال 10 لاکھ 75 ہزار روپے ہوں گے۔ حجاج کو ٹکٹ کی رعایت واپس کردی جائے گی، 90 ہزار عازمین کو سوٹ کیس کیو آر کوڈ فراہم کیا جائے گا، کوڈ پر ہر قسم کی معلومات فراہم کی جائیں گی۔
نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ 2024 کے حج کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا، عازمین کو موبائل ایپلیکیشن دی جائے گی، وہ گم نہیں ہوں گے، نیٹ ورک ڈاؤن ہونے پر بھی ایپلی کیشن چلے گی، دوران حج ایک حاجی پاکستان میں بے شمار کال کر سکیں گے ۔ 7 جی بی انٹرنیٹ پیکج ہوگا، پاکستانی خواتین حجاج کو ملائیشین خواتین کی طرح قومی پرچم کی تصویر والا عبایا بھی دیا جائے گا۔
انیق احمد نے مزید کہا کہ اس سال مختصر دورانیے کا حج بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ مختصر حج کرنے والے عازمین 20 یا 21 دنوں میں حج ادا کرنے کے بعد واپس آجائیں گے۔
نگراں وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل ایپ میں شکایت کا آپشن بھی رکھا گیا ہے۔ اگر کسی حاجی کو شکایت ہے تو وہ براہ راست حج درخواست سے شکایت درج کرا سکتا ہے۔