کویت اردو نیوز : 18 سال سے کم عمر کے نوجوان رات گئے انسٹاگرام کیوں استعمال نہیں کر پائیں گے؟
انسٹاگرام فوٹو شیئرنگ ایپ ہے جسے نوجوان سب سے زیادہ استعمال کرتے ہیں اور وہ دن رات اس میں مصروف رہتے ہیں۔
اسی لیے میٹا نے 18 سال سے کم عمر کے انسٹاگرام صارفین کو ایپ کا استعمال کرتےہوئے رات گئے تک جاگنے سے روکنے کیلیے ایک نیاٹول متعارف کرایا ہے۔
انسٹاگرام نےایک نیا فیچر شامل کیا ہے جو 18 سال سے کم عمر کے اکاؤنٹس کو اطلاع بھیجے گا تاکہ انہیں رات گئے ایپ استعمال کرنے سے روکا جاسکے۔
انسٹاگرام کیجانب سے جاری کردہ بیان کیمطابق جو نوجوان رات گئے تک ایپ استعمال کرتے ہیں انہیں ایک نوٹیفکیشن بھیجا جائیگا جس میں انہیں سونے کا مشورہ دیا جائے گا اور یہ نوٹیفکیشن ہر 10 منٹ بعد نوجوانوں کو موصول ہوگا۔
انسٹاگرام نے یہ بھی بتایا کہ یہ اطلاع ان لوگوں کو بھیجی جائے گی جو ریلز اور ڈائریکٹ میسجز دیکھتے ہیں۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ نیا فیچر نوجوانوں کو رات کو دیر تک جاگنے سے روکنے اور انہیں جلد سونے کی عادت ڈالنے کیلیے متعارف کرایا گیا ہے۔
رات 10 بجےکےبعد نوٹی فکیشن چھوٹے صارفین کو بھیج دیا جائے گا۔
اس سے قبل، میٹا نے 18 سال سے کم عمر کے صارفین کیلیے فیس بک اور انسٹاگرام پر نئی پالیسیاں متعارف کروائی تھیں تاکہ وہ سرچ اینڈ ایکسپلورفیچرز کےذریعے خودکشی، خود کو نقصان پہنچانے اور کھانے کی خرابی جیسےحساس مواد تک رسائی مشکل سے حاصل کر سکیں۔
واضح رہے کہ کمپنی کی جانب سے یہ اقدامات ایسےوقت میں کیےجا رہےہیں جب مختلف ممالک کی
جانب سے اس پرتنقید کی جا رہی ہے۔
میٹاپر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے اپنی ایپس کےذریعے نوجوان نسل میں ذہنی صحت کابحران پیدا کیا ہے۔
یہی وجہ ہےکہ اکتوبر 2023 ء میں، 33 امریکی ریاستوں نےمیٹا کیخلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے کہا تھاکہ میٹا اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے خطرات کے بارے میں عوام کو گمراہ کررہاہے۔
یورپی کمیشن نے میٹا کو یہ بھی واضح کرنیکی ہدایت کی ہے کہ بچوں کوغیر قانونی اور نقصان دہ مواد سے بچانے کیلیے کیا اقدامات کیےجارہے ہیں۔