کویت اردو نیوز : سعودی وزارت حج و عمرہ نے اتوار سے حج 2024 کے لیے ملکی عازمین کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ شہریوں اور رہائشی غیر ملکیوں کے لیے رجسٹریشن کے کچھ تقاضے ہیں۔
وزارت حج نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر تفصیلات جاری کی ہیں جس کے مطابق سعودی شہری کا شناختی کارڈ اور اگر غیر ملکی ہے تو اس کا اقامہ ذوالحجہ کے آخر تک درست ہونا ضروری ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ گردن توڑ بخار اور موسمی انفلوئنزا کے خلاف ویکسینیشن مکمل ہونی چاہیے۔
درخواست گزار کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ کسی متعدی بیماری میں مبتلا نہ ہو اور کسی لاعلاج بیماری میں مبتلا نہ ہو۔
حج پر جانے والے شخص کی عمر 15 سال سے کم نہیں ہونی چاہیے جبکہ عمر کا تعین ہجری کیلنڈر سے کیا جائے گا۔
وزارت کے مطابق پہلی ترجیح پہلی بار حج کا ارادہ رکھنے والوں کو دی جائے گی۔ حج کا ارادہ رکھنے والی عورت کا محرم جس نے پہلے کبھی حج نہیں کیا یا اس کے پہلے حج کو پانچ سال ہو چکے ہیں اس شرط سے مستثنیٰ ہوں گے۔
وزارت حج کا کہنا ہے کہ انفرادی گروپ میں لوگوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد 14 ہے۔ اس تعداد سے زیادہ افراد کو کسی گروپ میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔