کویت اردو نیوز 27جون:جنوبی افریقا کے جنوبی شہر مشرقی لندن کے ایک نائٹ کلب میں 22 طلبا کی پراسرار طور پر موت ہو گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 22 طلبا کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کی عمریں 18 سے 20 سال کے درمیان ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق جنوبی افریق حکام کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ مشرقی لندن
کے سینری پارک میں واقع نائٹ کلب میں پیش آیا ہے جہاں طلبا تعلیمی سال کے اختتام پر جشن منانے آئے تھے۔
موت کی وجوہات جاننے کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اب تک نوجوانوں کی ہلاکت کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاشیں میزوں کے نیچے، کرسی اور فرش پر پڑی ہوئی تھیں اور نوجوانوں کے جسم پر تشدد یا زخم کا کوئی نشان نہیں تھا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ایسے بھی شواہد نہیں ملے کہ واقعہ بھگدڑ مچنے سے پیش آیا ہو اور ہلاک ہونے والے قدموں تلے کچلے گئے ہوں۔