کویت اردو نیوز : شادی کی سالگرہ کا تحفہ نہ ملنے پر بیوی نے شوہر کو چاقو مار کر زخمی کردیا ، پولیس نے معاملے کو گھریلو جھگڑا قرار دیا، میاں بیوی کومسئلہ حل کرنے کے لیے وقت دیا اور خاتون کی ذہنی صحت کی بنیاد پر کونسلنگ کا مشورہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایک خاتون نے شادی کی سالگرہ کا تحفہ نہ ملنے پر اپنے شوہر کو چاقو مار کر قتل کرنے کی کوشش کی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی شہر بنگلورو میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کو شادی کا تحفہ نہ دینے پر چاقو سے حملہ کر کے زخمی کر دیا جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس کے مطابق نجی کمپنی کے ملازم 37 سالہ کرن کو اس کی 35 سالہ بیوی سندھیا نے اس وقت غصے کی حالت میں چاقو سے وار کیا جب وہ سو رہا تھا کیونکہ خاتون کو شادی کی سالگرہ کا تحفہ نہیں دیا گیا تھا۔ 27 فروری کو پیش آنے والے واقعے کی ابتدائی تفتیش میں پولیس نے بتایا کہ سندھیا نامی خاتون اپنی شادی کی سالگرہ پر تحفہ نہ ملنے پر ناراض تھی جس کے بعد اس نے اپنے سوئے ہوئے شوہر کرن پر چاقو سے حملہ کردیا۔
خاتون کا شوہر اپنے دادا کی حالیہ موت کی وجہ سے اپنی بیوی سندھیا کو اس کی شادی کی سالگرہ پر تحفہ دینے سے قاصر تھا، جس سے وہ ناراض تھی۔ حملے کے دوران زخمی ہونے والے کرن کو اس کے پڑوسی طبی امداد کے لیے ہسپتال لے گئے اور پولیس کو اطلاع دی جس نے مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ میاں بیوی کا نجی معاملہ ہے تاہم الزامات کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔ اس دوران پولیس نے دونوں میاں بیوی کو اپنا تنازعہ حل کرنے کے لیے کچھ وقت دیا۔ پولیس نے خاتون کو اس کی غیر صحت مند ذہنی حالت کی وجہ سے کونسلنگ کرنے کا بھی مشورہ دیا۔