کویت اردو نیوز 17 ستمبر: کویت میں شہریوں اور غیرملکیوں کو موسمی نزلہ و زکام کی انفلوئنزا ویکسی نیشن کا عمل اگلے ماہ شروع ہو جائے گا۔
روزنامہ القبس کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت موسمی انفلوئنزا اور نیوموکوکل ویکسین کی آمد کا انتظار کر رہی ہے جبکہ اکتوبر میں شروع ہونے والی ویکسی نیشن مہم کے آغاز کے لیے ویکسین اگلے دو ہفتوں میں آنے کی توقع ہے۔
ذرائع نے روزنامہ کو بتایا کہ وزارت فی الحال اینٹی کورونا وائرس ویکسی نیشن مہم میں شامل کچھ سائٹس اور مراکز کو موسمی انفلوئنزا اور نمونیا ویکسین دینے کے لیےمختص کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ان مراکز میں کوئی ہجوم یا لمبی قطاریں نہ ہوں۔ انفلوئنزا ویکسی نیشن مہم میں
شہریوں اور رہائشیوں کی بھرپور شرکت ہوگی جیسا کہ گزشتہ سال دیکھنے میں آیا تھا۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ وزارت نے مناسب مقدار میں انفلوئنزا اور نمونیا ویکسین کی درخواست کی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان تمام شہریوں اور رہائشیوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے ویکسین کی خوراک دی جاسکے جو اسے وصول کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ یہ سالانہ مہم موسم سرما کی سب سے عام متعدی بیماریوں کی وجوہات کو نشانہ بناتی ہے جیسے انفیکشن انفلوئنزا وائرس خاص طور پر انفلوئنزا (A (H1N1+ H3N2) اور انفلوئنزا B دوسری سب سے عام وجہ نیوموکوکل بیکٹیریا ہے۔