کویت اردو نیوز 3 اکتوبر: کویت نے لبنانی سفیر کو ملک بدر کر دیا جبکہ بیروت سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا۔
تفصیلات کے مطابق کویت نے لبنان سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا جبکہ کویت میں لبنانی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم سنا دیا ہے۔ یہ فیصلہ لبنان کے سعودی عرب کے خلاف منفی بیانات دینے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ کویت کی وزارت خارجہ نے آج ہفتے کے روز لبنان میں اپنے سفیر کو مشاورت کے لیے واپس بلانے کا فیصلہ کیا جبکہ کویت میں لبنان کے ناظم الامور سے کہا کہ وہ 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑ دیں۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ لبنان کی جانب سے منفی بیانات دینے پر اصرار اور سعودی عرب اور دیگر خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کے خلاف ناقابل قبول اور
قابل مذمت موقف کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ کویت نے کویت اور دیگر جی سی سی ممالک میں منشیات کی مسلسل اور بڑھتی ہوئی سمگلنگ کے خلاف کارروائی کرنے میں لبنانی حکومت کی ناکامی پر بھی تنقید کی۔ وزارت خارجہ نے موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا لیکن کویت میں لبنانی باشندوں کے تئیں اپنی دلچسپی پر زور دیا۔ وزارت نے مزید کہا کہ
"وہ کویت میں مقیم لبنانی بہن، بھائیوں کے لیے اور انہیں نقصان نہ پہنچانے کے لیے اپنی تشویش کی تصدیق کرتی ہے۔” یاد رہے کہ لبنان کے وزیر اطلاعات نے چند روز قبل سعودی عرب کی مخالفت میں بیان دیتے ہوئے سنگین الزامات عائد کیے تھے جبکہ سعودی حکومت نے ان الزامات کے جواب میں لبنان سے اپنے سفیر کو فوری طور پر مشاورت کے لیے ریاض واپس بلا لیا تھا اور تجارتی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان بھی کردیا۔ جمعہ کے روز سعودی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’لبنانی وزیر کے سعودی مخالف بیان پر لبنان کی حکومت نے کوئی نوٹس نہیں لیا اسی بنیاد پر اقدامات کیے جارہے ہیں‘۔