کویت اردو نیوز 22 جنوری: بحیرہ عرب ٹائٹل باکسنگ چیمپئن شپ، کویتی باکسر عبدالرحمن السند کی شاندار کارکردگی مقابلہ تو دل ناتواں نے خوب کیا۔
تفصیلات کے مطابق کویتی باکسر عبدالرحمن السند کو پاکستانی باکسر کے ہاتھوں صرف 3 پوائنٹس سے شکست ہوگئی۔ پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج 22 جنوری 2022 کو بحیرہ عرب ٹائٹل باکسنگ چیمپئن شپ کے دلچسپ مقابلے ہوئے۔ کویتی باکسر عبدالرحمن السند (وزن 70 کلو عمر 28 ) نے بھی ان مقابلوں میں شرکت کی اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی باکسر عامر مسعود سے رینکنگ مقابلہ میں صرف 3 پوائنٹس کے فرق سے مات کھائی۔ اسلام آباد میں ہونے والے بحیرہ عرب ٹائٹل باکسنگ چیمپئن شپ میں رینکنگ مقابلوں میں تیسرا اور آخری فائنل کویتی باکسر عبدالرحمن السند اور پاکستان کے باکسر عامر محمود کے درمیان
کھیلا گیا۔ یہ رینکنگ میچ بہت کانٹے دار ثابت ہوا اور پاکستانی باکسر نے صرف 3 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔ کویتی باکسر عبدالرحمن السند نے پہلے دو راؤنڈز میں 27، 27 اور تیسرے راؤنڈ میں 30 پوائنٹس حاصل کئے اس طرح انہوں نے مجموعی طور پر تین راؤنڈز میں 84 پوائنٹس حاصل کئے جبکہ پاکستانی باکسر عامر مسعود نے تین راؤنڈز میں
بالترتیب 30, 30 اور 27 پوائنٹس حاصل کر کے مجموعی طور پر 87 پوائنٹس حاصل کئے اور تین پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔ یہ ان مقابلوں کا سب سے کانٹے دار مقابلہ تھا جس میں صرف 3 پوائنٹس کے فرق سے میچ کا فیصلہ ہوا۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن ( میڈیا سیکشن ) کے نائب صدر حافظ محمد شبیر جو کویت باکسنگ فیڈریشن کے نائب صدر بھی ہیں کویتی باکسر عبدالرحمن السند کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ "مقابلہ تو دل ناتواں نے خوب کیا”۔ انہوں نے کہا کہ بحیرہ عرب باکسنگ ٹائٹل چیمپئن شپ میں کویتی باکسر نے شاندار کارکردگی پیش کی اور ایک تجربہ کار باکسر سے صرف تین پوائنٹس کم رہے جبکہ تیسرے راؤنڈ میں انہوں نے حریف باکسر عامر مسعود سے تین پوائنٹس زیادہ حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ کویتی باکسر عبدالرحمن السند ابھی نوجوان ہیں ان کی بین الاقوامی مقابلوں میں انٹری شاندار ہے انشاء اللہ وہ عالمی باکسنگ میں کویت کا نام روشن کریں گے۔