کویت اردو نیوز 27 جنوری: اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کی طرف سے سفیر پاکستان سید سجاد حیدر کے اعزاز میں ایک الوداعی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں سفیر محترم کے علاوہ سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفئیر اتاشی فرخ سیال اور آئی ای سی کی قیادت نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کی جانب سے کویت میں تعینات سفیر پاکستان سید سجاد حیدر کے اعزاز میں ایک الوداعی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں دونوں طرف سے باہمی امور پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ سفیر محترم نے پاکستان کے موجود حالات ، علاقائی صورتحال کےبارے میں تفصیلی گفتگو کے ساتھ ساتھ پاکستان کی جغرافیائی صورتحال اور خطہ میں نمودار ہونے والے واقعات اور اس میں پاکستان کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ سفیر پاکستان نے پاکستان کی ترقی میں ٹیکنالوجی کو بڑا اہم قرار دیا اور زور دیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں ایسی تعلیم سے آراستہ کریں جو جدید دور کے تقاضوں
سے ہم آہنگ ہو دیگر علوم کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی میں مہارت وطن عزیز کو آگے لے جا سکتی ہے۔ سفارتخانہ کے حوالہ سے انہوں نے بتایا کہ آن لائن ڈاکومنٹیشن کی سہولت موجود ہے اس سے ہمارے لوگوں کو استفادہ کرنا چاہیے اس میں ان کے لئے آسانی بھی ہے۔ سفیر محترم نے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کی طرف سے ریلیف کے کاموں کو سراہا۔ انہوں نے کورونا وباء کے دوران راشن کی تقسیم کے حوالہ سے بھی گفتگو کی اور

کمیٹی کے نیٹ ورک، اسکی خدمات اور بے لوث جذبہ کی تعریف کی۔ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے صدر جاوید اقبال نےسفیر محترم کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا بالخصوص ان کا بلا تخصیص پوری کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلنا اور تارکین وطن کے لئے سہولتیں فراہم کرنا۔دوران کورونا وباء ریلیف سرگرمیوں میں رہنمائی اور وسائل کے حصول کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا نیز پاکستان سے شعبہ طب سے وابسطہ افراد کے ویزوں کا حصول اور ان کے اقاموں اور دیگر معاملات کو احسن طریقے سے سرانجام دینا ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی سفیر محترم کی پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے وفد نے سفیر محترم کے فعال کردار کی تعریف کی اور ان سے درخواست کی کہ

وہ پاکستان جا کر بھی ملک و قوم کی خدمت اسی جذبہ اور خلوص سے جاری رکھیں۔کمیٹی کی جانب سے سفیر پاکستان سید سجاد حیدر صاحب کو یادگار شیلڈ پیش کی گئ۔ سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ سیال کو بھی یادگار شیلڈ پیش کی گئی۔ آخر میں شرکاء کے لئےعشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے وفد میں جاوید اقبال، اطہر مخدوم، مشتاق احمد، نثار احمد، نعیم ارشاد، صدف علی اور محمود خان شامل تھے۔