کویت اردو نیوز 22 مارچ: امیری دیوان امور کے وزیر شیخ محمد العبداللہ نے کویت میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق امیری دیوان امور کے وزیر شیخ محمد العبداللہ نے کل سہ پہر کویت میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عزت مآب امیر کویت شیخ نواف الاحمد الصباح، ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح، وزیر اعظم کویت شیخ صباح الخالد اور کویت کی حکومت و عوام کی جانب سے سابق صدر جمہوریہ پاکستان محمد رفیق تارڑ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ پاکستانی سفارت خانے نے 9ویں پاکستانی صدر محمد رفیق تارڑ کے لیے تعزیتی پیغامات موصول کئے جو 7 مارچ کو 92 سال کی عمر میں بیماری سے جدوجہد کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ اس موقع پر سفارتخانے کے ناظم الامور
فیصل مجید نے کہا کہ ہمیں سابق پاکستانی صدر محمد رفیق تارڑ کی وفات پر گہرا رنج ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔