کویت اردو نیوز 05 اپریل: سعودی عرب اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے مقدس سمجھا جانے والا شہر مکہ مکرمہ میں متعلقہ حکام نے بھیک مانگنے والی خاتون کو لاکھوں ریال و زیورات کے ساتھ گرفتار کیا۔
تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں محکمہ انسداد گداگری نے ایک ایشیائی عورت کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 1 لاکھ 17 ہزار سعودی ریال اوربڑی مقدار میں سونے کے زیورات برآمد ہوئے۔ محکمہ انسداد گداگری کی جانب سے جاری وڈیو پیغام کے مطابق ایشائی بھکارن کے قبضے سے سعودی ریال سمیت مختلف ممالک کے کرنسی نوٹ جو اسے عمرہ زائرین نے دیئے تھے کے علاوہ بڑی تعداد میں سونے کے زیورات بھی برآمد ہوئے۔ گداگر عورت کے قبضے سے برآمد ہونے والی رقم ایک لاکھ 17 ہزار ریال کے قریب ہے جو اس نے لوگوں سے مانگ کر اکھٹا کئے تھے۔ اس حوالے سے محکمہ انسداد گداگری کا کہنا تھا کہ
لوگ پیشہ ور گداگروں کو رقم دے کر ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جو غلط ہے اس طرح وہ افراد جو نادانستہ طور پر پیشہ ور بھکاریوں کو رقم دیتے ہیں۔ محکمہ انسداد گداگری کے بقول ایسے لوگ دراصل اس برائی کے فروغ دینے کا غیر اختیاری حصہ بن جاتے ہیں علاوہ ازیں اس طرح حق دار افراد کا حق بھی تلف ہوتا ہے۔