کویت اردو نیوز 23 اپریل: اگر آپ نے آج تک کسی خاتون کی رقص کرتی رپورٹنگ نہیں دیکھی تو اب دیکھ لیجئے۔ بھارتی ٹی وی چینل کی خاتون صحافی کی انوکھے انداز میں رپورٹنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر
وائرل ہورہی ہے۔ یہ ویڈیو ایک بھارتی نجی ٹی وی چینل کی خاتون صحافی کی ہے جو روس یوکرین جنگ کے دوران روسی بحری جہاز کے تباہ ہونے کی خبر اپنے ناظرین کو اچھلتے کودتے اور رقص کے انداز میں دے رہی ہے جس سے یہ قطعی نہیں لگ رہا کہ یہ خاتون کسی سنجیدہ اور سنگین مسئلے کو رپورٹ کررہی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں خاتون رپورٹر ہندی زبان میں یوکرین سے خبر دے رہی ہیں کہ روس نے یوکرین کا دورہ کرنے والے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس خبر کو دنیا کے تمام ہی چھوٹے بڑے میڈیا چینلز نے رپورٹ کیا مگر
کسی نے بھی اس معاملے کو ایسے رپورٹ نہیں کیا جیسے بھارت کی خاتون رپورٹر نے کیا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون سنجیدہ معاملے پر رقص کرتے ہوئے مزاحیہ انداز سے رپورٹ کررہی ہیں۔
رپورٹنگ کے اس انوکھے انداز پر جہاں متعدد صارفین نے خاتون رپورٹر اور چینل کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں تو کچھ صارفین خاتون کے اس انوکھے انداز سے خبر کی سنجیدگی سے ہٹ کر لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ خاتون صحافی کی ٹوئٹر پروفائل پر نظر دوڑائی جائے تو کبھی وہ کسی تباہ شدہ جنگی ٹینک کے اوپر کھڑی نظر آرہی ہیں تو کبھی تباہ شدہ عمارتوں کے ہمراہ تصویر بنوارہی ہیں۔
خاتون رپورٹر کو اپنے منفرد انداز کے سبب سوشل میڈیا پر طنز و مزاح کا سامنا بھی ہے جبکہ کئی صارفین نے انہیں "ڈانسنگ رپورٹر” کے لقب سے بھی نوازا ہے۔
سماجی رابطوں کی معروف سائٹ ٹویٹر پر خاتون صحافی کی یوکرین جنگ کے دوران روسی بحری جہاز کے تباہ ہوجانے کی خبر رقص اور اچھل کود کے دوران مزاحیہ انداز میں دینے کی ویڈیو تیزی سے مقبول ہورہی ہے جس پر صارفین ان کے انداز پر حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔