کویت اردو نیوز 11 اگست: اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے صدر جاوید اقبال کی قیادت میں آئی ای سی کے وفد نے سفارت خانہ پاکستان کویت میں سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان ملک محمد فاروق صاحب سے ملاقات کی، اس ملاقات میں صدر جاوید اقبال نے سفیر پاکستان کو کویت میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور خوش آمدید کہا۔
صدر اسلامک ايجوکيشن نے سفیر پاکستان کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ صدر نے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کی سرگرمیوں پر مشتمل رپورٹ بھی سفیر پاکستان کو پیش کی جس کو سفیر پاکستان نے بہت سراہا۔
جاوید اقبال نے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے کام اور اسکی کمیونٹی کے حوالے سے خدمات پر سفیر پاکستان کو تفصیلی بریفنگ دی جس پر انہوں نے اسلامک کمیٹی کی سرگرمیوں میں دلچسپی لی اور مفید مشورے بھی دیئے۔
یوم آزادی کے آمدہ پروگرام کو بہت پسند کیا اور اسطرح کے پروگرامات جو وطن عزیز کے حوالے سے ہوں ان میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ سفیر محترم نے یوتھ ونگ کی طرف سے پروگرام میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا اور پروگرام میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے وفد میں نائب صدر اطہر مخدوم ، جنرل سکریٹری نثار احمد ، انچارج یوتھ ونگ نوید پاشا ، ناظم شعبہ تعلقات عامہ صدف علی صدف اور شعبہ میڈیا کے انچارج محمود احمد خان شامل تھے۔ سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ سیال نے سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی معاونت کی۔ سفیر پاکستان نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی کمیونٹی میں بہترین خدمات سرانجام دینے پر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔