کویت اردو نیوز 15 ستمبر: کویت ایئرپورٹ پر ہیروئن سمگل کرنے والے پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت ایئرپورٹ پر معائنہ کے دوران پاکستانی مسافر سے 70 گرام ہیروئن پکڑی گئی، ایئرپورٹ پر ایئر کارگو کسٹمز نے مسافر سے ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ محکموں کے حوالے کر دیا گیا۔ اسی طرح کویت میں ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش کرنے والا ایک ہندوستانی شخص بھی ہوائی اڈے پر پکڑا گیا، محکمہ کسٹم کے ڈائریکٹر جنرل سلیمان الفہد نے بتایا کہ ملزم سے چرس کے تقریباً 49 پیکٹ پکڑے گئے جن کا وزن ایک کلو ہے، چرس کو کپڑوں کے اندر چھپا کر سمگل کرنے کی کوشش کی گئی۔ علاوہ ازیں کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر غیر قانونی طور پر کویت لائی گئی مہنگی گھڑیاں ضبط کر لی گئیں، یہ ایک ایسے مسافر سے پکڑی گئیں جو بیرون ملک سے آیا تھا، کویت کسٹمز نے بتایا کہ مسافر اپنی جرابوں کے اندر چھپائی گئی گھڑیاں لے کر آیا ہے، جس کی کوشش تھی کہ وہ کسٹم انسپکشن کے دوران پکڑے جانے سے بچ جائے۔
حال ہی میں کویت میں ڈیزل چوری کے الزام میں بھی 2 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا گیا، ایک آئل کمپنی میں کام کرنے والے 2 پاکستانی ٹینکر ڈرائیوروں پر تقریباً 4 ہزار لٹر ڈیزل چوری کرنے کا الزام ہے اور یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب صبیہ کے علاقے میں ایک آئل فیلڈ کے سپروائزر کو ڈیزل کی کمی کا شک ہوا جو فیلڈ میں خصوصی مشینوں کو چلانے کے لیے استعمال کیا جارہا تھا ، اس ڈیزل کی چوری کا الزام 2 پاکستانی ڈرائیوروں پرلگایا گیا جو کمپنی میں ٹینکر ڈرائیور کے طور پر کام کر رہے تھے ، اس واقعے کا مقدمہ درج کرکے یہ کیس پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا جس نے محکمہ فوجداری تفتیش کو ڈرائیور اور چوری شدہ سامان کی تلاش اور تفتیش کے بعد دونوں پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔