کویت سٹی 10 جولائی: روزنامہ الراي کی شائع کردہ رپورٹ کے مطابق پچھلے 116 دنوں میں 158,031 تارکین وطن کویت کو خیر باد کہہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ تارکین وطن پچھلے 4 ماہ میں کویت چھوڑ کر چلے گئے فی الحال کویت بین الاقوامی ہوائی اڈہ 15 فیصد آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے سے 16 مارچ سے 9 جولائی کے درمیان 158,031 تارکین وطن اپنے ممالک روانہ ہوئے جبکہ توقع کی جارہی ہے کہ رواں سال کے آخر میں یہ روانگیاں تقریبا 15 لاکھ تک پہنچ جائیں گی۔
کویت سے روانگی کی سب سے بڑی وجہ مالی صورتحال ہے کیونکہ نجی سیکٹر کی بہت سی کمپنیوں نے کورونا بحران کے سبب گذشتہ 4 ماہ کے دوران مالی نقصان کی وجہ سے نا صرف اپنے ملازمین کو نوکریوں سے معطل کر دیا بلکہ کئی ملازمین کو تخواہیں بھی ادا نہیں کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری شعبے میں کویتائزیشن کرنے کے بارے میں حکومتی پالیسی کے باعث بھی کئی تارکین وطن اپنے خاندانوں سمیت کویت چھوڑ کر اپنے ممالک روانہ ہو گئے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: سوق جمعہ ایک بار پھر بند کر دیا گیا
سول ایوی ایشن کے ذرائع نے بتایا کہ 16 مارچ سے 9 جولائی کے دوران (116 دن) 993 پروازوں سے 15،8031 غیر ملکی اپنے اپنے ممالک روانہ ہوئے۔ ملک چھوڑ کر جانے والوں میں مصری اور ہندوستانی کمیونٹی کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
کمرشل پروازوں کے دوبارہ آغاز کے ساتھ ہی اگلے مہینے سے مسافروں کی تعداد دوگنی ہونے کی امید ہے۔ ڈی جی سی اے نے تمام ایئر لائنز ، سروس فراہم کرنے والوں اور مسافروں کو صحت کے پہلوؤں پر عمل پیرا ہونے، مسافروں کے مابین سماجی فاصلہ برقرار رکھنے، ماسک اور دستانے پہننے، تمام مسافروں کے لئے درجہ حرارت کی پیمائش کرنے اور تمام حفاظتی شرائط کا اطلاق کرنے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔