کویت سٹی 25 جولائی: سوشل ویب سائٹ "انڈینز ان کویت” کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق DGCA نے تمام ائیر لائنز کو غیراستعمال شدہ ٹکٹوں کی رقم صارفین کو لوٹانے کی ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) نے کویت میں کام کرنے والی تمام ایئر لائنز، ٹریول اور ٹورزم ایجنسیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ مسافر جن کی پروازیں اور ریزرویشن کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے کی بندش کی وجہ سے منسوخ کردی گئی تھیں ان مسافروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے درج ذیل اقدامات پر عمل کریں۔
مسافروں کو یہ حق ہے کہ وہ اپنی خریدی گئی سفری ٹکٹوں کی قیمت ، ہوٹل کے ریزرویشن اور دیگر سیاحتی خدمات کی واپسی کی درخواست کر سکیں جو انہوں نے 14 مارچ 2020 سے 31 جولائی کے درمیان خریدیں اور ان کی ٹکٹیں کمرشل پروازوں کی بندش کے باعث منسوخ کردی گئیں۔ ائیر لائنز ایسے تمام مسافروں کے ٹکٹ کی رقم بغیر کٹوتی کے ادا کریں۔
مذکورہ بالا ہدایات کی تکمیل کے لئے ایئر لائنز، ٹریول اور ٹورزم ایجنسیوں کو 30 ستمبر 2020 کے اختتام تک کا وقت دیا گیا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: کویت ائیر پورٹ رات 10 بجے سے صبح 04 بجے تک کام نہیں کرے گا
مذکورہ بالا ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں جاری کردہ شکایات کو ثالثی کمیٹی کے پاس فیصلے کے لئے بھیجا جائے گا جسکے بعد ثالثی کمیٹی آرٹیکل 21 قانونی حکم نامہ 31 کے تحت معاملات کی جانچ اور فیصلہ کرے گی اور ائیرلائنز کے خلاف قانونی کاروائی کرے گی۔