کویت اردو نیوز 27 مئی: کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت (PAM) نے اعلان کیا ہے کہ انتظامی فیصلہ جو کہ دوپہر کے اوقات میں صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک کھلے مقامات پر کام کرنے پر پابندی عائد کرتا ہے، جون کے آغاز سے اگست کے آخر تک نافذ العمل رہے گا۔
پی اے ایم کے ذرائع کے مطابق اتھارٹی فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو برداشت نہیں کرے گی۔ انسپکشن ٹیمیں کام کی جگہوں پر غیر اعلانیہ انسپیکشن مہم کے ذریعے تین ماہ کے عرصے میں اس کے نفاذ کی پیروی کریں گی تاکہ کسی بھی خلاف ورزی کی نگرانی کی جا سکے اور اگر اس سلسلے میں کوئی خلاف ورزی پائی جاتی ہے تو کاروباری مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا مقصد کارکنوں کو گرمی کے موسم میں چلچلاتی دھوپ سے بچانا، کام کو منظم کرنا جبکہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جن پراجیکٹس پر عمل کیا جاتا ہے ان کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’سال کے اس عرصے کے دوران کھلے علاقوں میں کام کرنا سخت موسمی حالات کی وجہ سے مشکل ہوتا ہے۔‘‘
انہوں نے عندیہ دیا کہ گزشتہ برسوں کے دوران فیصلے کے نفاذ کو عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں کی طرف سے وسیع پیمانے پر قبول اور سراہا گیا اور دوپہر کے اوقات میں بین الاقوامی لیبر معیارات پر عمل درآمد کے لیے کویت کی ذمہ داریوں کو پورا کیا۔
ذرائع نے تصدیق کی کہ فیصلے پر عمل درآمد کاروباری مالکان کے اپنے کارکنوں کی صحت اور حفاظت کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے لیبر قانون کے کنٹرولز اور ضوابط اور اس کو ریگولیٹ کرنے والے فیصلوں پر عمل کرنے کی خواہش کی نشاندہی کرتا ہے۔