کویت اردو نیوز، ۳۱ مئی: سعودی عرب میں زم زم الیکٹرانک پلیٹ فارم لانچ کردیا گیا ،جس کا مقصد ٹیکنکل سسٹم اور تربیت یافتہ انسانی کیڈرز کے ذریعے تیار کردہ آب زم زم کی بوتلیں بغیر کسی رکاوٹ کے عازمین کی رہائش گاہوں تک پہنچانا ہے۔
زم زم کمپنی میں سیزنل ورک کے ڈپٹی جنرل سپروائزر ریان نے کہا کہ زم زم پلیٹ فارم کے ذریعے تمام حاجیوں کی رہائش گاہوں کی رجسٹریشن اور ان کا ڈیٹا حاصل کرکے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ الیکٹرانک ٹریک اور مرکزی حج پلیٹ فارم کا ڈیٹا ایک جیسا ہو کیونکہ وزارت حج و عمرہ کی جانب سے رہائش گاہوں کو ڈیجیٹل نمبر دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ حج سیزن کا آفیشل پلیٹ فارم ہےجو حجاج کے گھر تک آب زم زم کی ترسیل کو یقینی بنائے گا۔ اعداد و شمار کو دیکھ کر کام کی رفتار کو بہتر بنایا جائے گا۔ یہ پلیٹ فارم انٹرنیٹ اور بغیر نیٹ کے بھی کام کرتا ہے جس کا مقصد بغیر کسی خلل کے کام جاری رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زم زم کے پلیٹ فارم پر کام کئی مراحل سے گزرتا ہے۔ اس میں پلیٹ فارم پر رجسٹریشن سے شروع ہوکر کنٹرول سنٹر سے گزر کر، پروسیسنگ اور نقل و حمل، حجاج کرام کے سپروائزر اور گاڑی کے ڈرائیور کے درمیان ہم آہنگی کی تخلیق اور نقل و حمل کے محفوظ ذریعہ سے پانی کی ترسیل اور دیگر مراحل شامل ہیں۔
الزمزمہ کمپنی اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ بیت اللہ شریف آنے والوں کو ٹیکنالوجی اور مہارت کے جدید ترین ذرائع سے ہم آہنگ کرکے خدمات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے