کویت اردو نیوز،9جون: قطری وزارت صحت عامہ (ایم او پی ایچ) نے تھائی لینڈ سے امپورٹڈ تازہ اینوکی مشروم (کھمبی) کے استعمال کے خلاف وارننگ جاری کی ہے۔
وزارت کی سنٹرل فوڈ لیبارٹریز میں تجزیے کے نتائج کے مطابق، کچھ امپورٹڈ پیکس پیتھوجینک بیکٹیریا لیسٹیریا مونوسیٹوجینز سے آلودہ ہوئے ہیں۔
ایک بیان میں، قطری وزارت صحت نے کہا: "کچھ ممالک میں مجاز حکام کی طرف سے اطلاعات کی بنیاد پر یہ ثابت ہوا ہے کہ یہ پروڈکٹ بیکٹیریا سے آلودہ ہے، وزارت صحت عامہ نے وزارت بلدیات کے ساتھ مل کر، مقامی منڈیوں سے پراڈکٹ کی دستیاب مقدار کو وہاں سے اٹھایا اور ان کو تجزیہ کیلئے بھیج دیا ۔”
وزارت نے مزید تصدیق کی کہ بیرون ملک سے موصول ہونے والی تمام کھیپوں کا لیبارٹری تجزیہ کیا گیا ہے۔ وزارت کی فوڈ انسیڈینٹ ٹیم کو بھی اس پراڈکٹ کے آلودہ ہونے کی وجوہات کا پتہ لگانے اور اس کی تصدیق کرنے کے لیے تفویض کیا گیا ہے۔
وزارت نے صارفین سے اس پروڈکٹ کے خریدے ہوئے پیک کو ضائع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ صارفین کے پاس یہ اختیار بھی ہے کہ وہ انہیں ان آؤٹ لیٹس کو واپس کر دیں جہاں سے یہ پروڈکٹ خریدی گئی تھی۔
اس صورت میں کہ اگر آپ نے اس مصنوعات کا استعمال کیا ہو، تو وزارت صحت نے الٹی، متلی یا مسلسل بخار، پٹھوں میں درد یا شدید سر درد جیسی علامات کی ظاہر ہونے کی صورت میں صارفین کو قریبی صحت مرکز کا دورہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔