کویت اردو نیوز،15جون: سعودی عرب میں ٹیکنالوجی کالج اور ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن کے ذیلی ثانوی صنعتی ادارے نے کہا ہے کہ سعودی خواتین کو گاڑیوں کی مینٹیننس و مرمت کے تربیتی پروگرام میں شریک کیا جائے گا۔
سعودی شمالی حدود ریجن میں رفحا اور عرعر نیز مدینہ ریجن کی العلا کمشنری میں خواتین کیلئے گاڑیوں کی مینٹیننس کا تربیتی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے
ادارے کیمطابق پروگرام کا مقصد خواتین کو ٹیکنالوجی کے تمام شعبوں میں خود مختار بنانا اور گاڑیوں کی مرمت کے تمام کام سکھانا ہے۔
اس پروگرام کے تحت خواتین کو بریک سسٹم، لائٹنگ نظام، گاڑیوں کی بیٹری، الیکٹرانک سسٹم، انواع و اقسام کے ٹائر، انجن کولنگ سسٹم اور موبیل آئل تبدیل کرنے سمیت تمام امور ماہر اور اعلیٰ سند یافتہ ٹرینرز کی زیرنگرانی سکھائے جا رہے ہیں۔
ٹریننگ پروگرام میں شریک کئی خواتین کا کہنا ہے کہ وہ ٹریننگ کے بعد گاڑیوں کی معمولی خرابی کی نشاندہی بھی کامیابی سے کر سکتی ہیں۔
ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن نے ایجوکیشنل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سروسز کا معیار بہتر بنانے کے لیے 6 انٹرنیشنل ٹیکنالوجی کالجز کی نجکاری کا عمل شروع کردیا ہے۔
ریاض کا انٹرنیشنل ہوٹلنگ کالج، الخبر کا انٹرنیشنل ٹیکنالوجی گرلز کالج، مکہ مکرمہ کا انٹرنیشنل گرلز کالج، اسی طرح قطیف، جدہ اور مدینہ منورہ کے ٹیکنالوجی کالج اس پروگرام میں حصہ لیں گے۔