کویت اردو نیوز 22 اگست: کویتی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں بہتری آگئی۔
تفصیلات کے مطابق روزنامہ الرائ کی رپورٹ کے مطابق کویتی پاسپورٹ نے پاسپورٹ انڈیکس کے 2020 ایڈیشن میں نمایاں مقام حاصل کرلیا ہے۔ درجہ بندی کے لحاظ سے کویت اپنے عالمی ہم منصبوں کے درمیان سال 2019 میں 39 کے درجے سے 33 ویں مقام پر آگیا ہے اور اس طرح خلیجی ممالک میں دوسرا مضبوط پاسپورٹ بن گیا ہے۔
کویتی پاسپورٹ کو حاصل ہونے والا فائدہ "فریڈم آف موومینٹ پوائنٹس ” کے معیار پر ہونے والی بہتری کے نتیجے میں ہوا ہے۔ یہ معیار اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کویتی شہری دنیا کے کتنے مقامات پر بغیر ویزوں کے جاسکتے ہیں یا کتنے ممالک میں انہیں ائیرپورٹ یا بندرگاہوں پر آمد پر ویزا جاری کردیا جاتا ہے۔
پچھلے سال کی درجہ بندی میں کچھ دوسرے ممالک کے پاسپورٹ پوائنٹس میں کمی نے بھی اس پیشرفت میں ایک ثانوی کردار ادا کیا ہے۔ کویت کے پاسپورٹ کو "فریڈم آف موومنٹ پوائنٹس "کے پیمانے پر 68 پوائنٹس موصول ہوئے جس کی وجہ یہ ہے کہ کویتی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو بغیر کسی پیشگی ویزا کے 33 ممالک کا سفر کرنے کی اجازت ہے جبکہ35 ممالک جہاں ویزا آمد پر حاصل کیا جاسکتا ہے اور پیشگی ویزا والے 130 ممالک ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: کویت میں کیوبا سے بلائے ڈاکٹروں کی تنخواہ آسمان کی بلندیوں پر
درجہ بندی میں اس کامیابی کے بعد کویت کے پاسپورٹ کو قطری پاسپورٹ کے ساتھ ساتھ خلیج اور عرب ممالک کے درمیان دوسرا نمبر حاصل ہے۔
متحدہ عرب امارات، کویت اور قطر کے بعد باقی عرب ممالک کی درجہ بندی کچھ یوں ہے:
بحرین، سعودی عرب، تیونس، سلطنتِ عمان، مراکش، اردن، الجیریا، موریتانیہ، مصر، کوموروس، دجیبوتی، سوڈان، لبنان، لیبیا، فلسطینی علاقے، یمن، صومالیہ، شام اور عراق۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاسپورٹ انڈیکس ہر سال کینیڈا کے آرٹن کیپیٹل فاؤنڈیشن کے ذریعہ تیار اور جاری کیا جاتا ہے جو شہریت کی سروسز اور دنیا بھر میں مشاورت اور امیگریشن پروگراموں میں مہارت رکھتا ہے۔