کویت اردو نیوز 25 جولائی: کویت کے ریگستانی علاقے میں بنگلہ دیشی گارڈ نے اپنے کمرے میں خود کو پھانسی لگا کر خودکشی کر لی، وزارت داخلہ کے آپریشن روم کو دو روز قبل ایک شہری کی جانب سے رپورٹ موصول ہوئی تھی جس نے اپنے کمرے میں گارڈ کی بے جان لاش پائی تھی۔
رپورٹ ملنے پر، سیکورٹی اہلکار، فرانزک ماہرین اور ایک کورونر فوری طور پر تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچے۔
ابتدائی نتائج سے معلوم ہوا کہ ریگستان میں بنے ایک فارم پر گارڈ کے طور پر کام کرنے والے 30 سالہ بنگلہ دیشی تارکین وطن نے گلے میں رسی باندھ کر اپنے کمرے کی چھت سے پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔ خودکشی کرنے والا بنگلہ دیشی نوجوان ریگستان میں بنائے گئے اونٹوں کے ایک فارم پر بطور سکیورٹی اور اونٹوں کی دیکھ بھال کا کام کرتا تھا۔ دو روز قبل جب مالک فارم پر پہنچا تو اس نے نوجوان کو کمرے میں خود کو پھندا لگائے دیکھا جس پر شہری نے فوری پولیس کو اطلاع دی۔
متعلقہ ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد لاش کو مزید جانچ کے لیے فارنزک شواہد کے شعبہ میں منتقل کر دیا گیا۔ اس اندوہناک واقعے کے گردوپیش کے حالات کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔