کویت اردو نیوز 27 اپریل: وزارت تعلیم نے اسکول کے طلباء اور ملازمین کو کورونا ویکسی نیشن کے لئے اندراج کروانے کی اپیل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت تعلیم نے ہائی اسکول کے طلباء اور تعلیمی اداروں میں ملازمین کو وزارت صحت کی ویب سائٹ پر کوویڈ 19 ویکسی نیشن کے جلد از جلد اندراج کی اپیل کی ہے۔ روزنامہ الجریدہ کی رپورٹ کے مطابق وزارت تعلیم نے اسکول کے ملازمین اور ہائی اسکول کے طلباء کو فوری طور پر ویکسی نیشن کے لئے رجسٹریشن کی اپیل کی ہے اور ساتھ ہی ہدایت جاری کی ہے کہ رجسٹریشن کے وقت پیشے کے انتخاب کے باکس میں "وزارت تعلیم” کا انتخاب کریں۔
وزارت تعلیم نے تصدیق کی کہ طلباء اور ملازمین کے اندراج کے بعد ہی ویکسی نیشن کی تاریخ اور وقت فوری طور پر بذریعہ میسج بھیج دیا جائے گا کیونکہ وزارت صحت میں ویکسی نیشن مہم کی انچارج کمیٹی نے حفاظتی ویکسین کے لئے مخصوص گروپوں کو ترجیح دینے کے لئے ایک مخصوص طریقہ کار لاگو کیا ہے۔
اس کمیٹی نے وزارت تعلیم کے تعاون سے سیکنڈری اسکول کے طلباء اور وزارت تعلیم کے ملازمین کو ویکسی نیشن کے لئے ترجیحی زمرے میں شامل کیا ہے۔