کویت اردو نیوز،13ستمبر: ایپل نے آئی فونز میں مہنگا فون لانچ کردیا، اس نئی سیریز کے 4 نئے ماڈلز میں 5 نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں، نئی سیریز میں نئے رنگوں کے علاوہ سائز اور شکل میں بھی معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
آئی فون 15 کی نئی سیریزآئی فون 15، آئی فون 15 پلس، آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس پر مشتمل ہے۔ یہ سیریز ایپل کے چیف ایگزیکیٹیو ٹم کروک نے گزشتہ روز ایک ایونٹ میں متعارف کروائی۔
آئی فون 15 سیریز کی تقریب رونمائی میں نہ صرف ایپل کی جانب سے نیا فون لانچ کیا گیا بلکہ ہیڈفونز اور سمارٹ واچز کی نئی جنریشن کی رونمائی بھی کی گئی۔
چارجنگ پورٹ
آئی فون کی نئی سیریز میں پہلی بڑی تبدیلی کی بات کی جائے تو 11 سال بعد آئی فون 15 میں چارجنگ پورٹ کو تبدیل کیا گیا ہے۔ نئے آئی فون میں چارجنگ پورٹ یو ایس بی سی ٹائپ انسٹال کی گئی ہے۔ یہ تبدیلی ڈیٹا کی منتقلی زیادہ مؤثر اور تیزی سے کرنے میں مدد کرے گی۔
ڈیزائن:
اس سال آئی فون پرو ماڈلز کیلئے ٹائٹینیم کا فریم استعمال کیا گیا ہے جو ہلکے وزن کے ہوں گے۔
آئی فون کے اس نئے ورژن میں پاور بٹن ختم کردیا گیا ہے، اس سال پرو ماڈلز کیلئے سائلنٹ سوئچ کی جگہ ایکشن بٹن کا اضافہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں آئی فون 15 کا کیمرہ 48 میگاپکسل کا ہو گا جس میں پریسکوپک لینز ہو گا جو بہتر آپٹیکل زوم فراہم کرتا ہے اور اس سے فون کی موٹائی پر بھی کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
اس کے ساتھ ہی کیمرہ سیٹ اپ میں پیری اسکوپ فوٹو کیمرہ بھی شامل کیا گیا ہے جس کے بعد آپٹیکل زوم میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
اسٹوریج:
آئی فون 15 پرو ماڈلز میں ریم میں 2 جی بی کا مزید اضافہ کیا گیا ہے جو کہ اب 8 جی بی تک رکھی گئی ہے۔
اسی کے ساتھ ساتھ آئی فون 15 کے پرو ماڈلز، 15 پرو اور 15 پرو میکس میں نئی اے 17 بایونک چپ شامل ہے، جس کا مقصد نئے ماڈلز کی رفتار مزید بہتر کرنا ہے۔
قیمت:
آئی فون پرو میکس کی قیمت 1199 ڈالرز (256 جی بی) رکھی گئی ہے۔ اسی طرح آئی فون 15 پرو کی قیمت 999 ڈالرز (128 جی بی) مقرر کی گئی ہے۔
آئی فون 15 کی قیمت 799 ڈالرز (128 جی بی) جبکہ آئی فون 15 پلس کی قیمت 999 ڈالرز (128 جی بی) ہے۔