کویت اردو نیوز ، 16 اکتوبر 2023: ایک بھکاری آئی فون خریدنے کے لیے سکوں سے بھری بوری لے کر دکان پر گیا تو اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک بھکاری سکوں سے بھری بوری اٹھائے موبائل فون کی دکان میں داخل ہوتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ابتدائی طور پر مذکورہ بھکاری کو دکان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جاتی لیکن کچھ بحث کے بعد وہ دکان میں داخل ہونے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔
مذکورہ بھکاری دکاندار سے آئی فون کا مطالبہ کرتا ہے تو اسے موبائل کی ادائیگی میں بھی مشکل پیش آتی ہے کیونکہ دکاندار سکوں میں ادائیگی قبول نہیں کرتا تاہم بعد میں دکاندار راضی ہوجاتا ہے۔
ویڈیو کے آخر میں، بھکاری سکوں سے بھری بوری کو فرش پر خالی کرتا ہے اور دکاندار کے ساتھ تصویر لینے کے لیے آئی فون پرو میکس خریدتا ہے۔
وائرل ویڈیو کو سوشل میڈیا پر 34 ملین سے زائد بار دیکھا اور لائیک کیا جا چکا ہے۔
کئی صارفین حیرت کا اظہار کر رہے ہیں کہ بھکاری کے پاس آئی فون پرو میکس جیسا مہنگا موبائل خریدنے کے پیسے کہاں سے آئے؟ جبکہ بہت سے صارفین اسے اسکرپٹڈ قرار دے رہے ہیں۔