کویت اردو نیوز ، 17 اکتوبر 2023: چین نے جدید سیلولر ٹیکنالوجی 6G متعارف کرانے کی کوششوں میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان سمیت کئی ممالک میں ابھی تک 5 جی ٹیکنالوجی متعارف نہیں کرائی گئی تاہم چین اب 6 جی متعارف کرانے کے قریب ہے۔
چینی سائنسدان ایک ایسی سوئچنگ کمیونیکیشن ڈیوائس تیار کرنے کے لیے ایک دہائی سے زائد عرصے سے کام کر رہے ہیں جو ڈیٹا کی ترسیل کی رفتار میں اضافہ کر سکے اور یہ مواصلاتی آلہ اگست 2023 میں Y7 راکٹ کے ذریعے زمین کے مدار میں ایک سیٹلائٹ پر نصب کیا گیا تھا ، ڈیوائس ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو گئی تھی اور روشنی کے سگنلز کو برقی سگنل میں تبدیل کیے بغیر بھیجنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔
سائنسدانوں کے مطابق جب اس ڈیوائس سے ڈیٹا کو زمین پر ڈاؤن لوڈ کیا گیا تو تمام تفصیلات برقرار تھیں اور ڈیٹا کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔
سیٹلائٹ ریموٹ سینسنگ کی ترقی تیز رفتار ڈیٹا کی منتقلی اور 6G موبائل مواصلات کو قابل بنائے گی۔ سائنسدانوں کے مطابق 6G جیسے مواصلاتی نیٹ ورک میں سیٹلائٹس کا کردار بہت اہم ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ دنیا میں 6G ٹیکنالوجی کی آمد 2030 سے پہلے ممکن نہیں ہو گی۔