کویت اردو نیوز،1نومبر 2023: فیس بک اور انسٹاگرام صارفین نے دونوں پلیٹ فارمز پر اشتہارات ہٹانے کے لیے شروع کی جانے والی نئی پیڈ سروس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
دونوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی مالک کمپنی میٹا کے مطابق کمپنی کی جانب سے سبسکرپشن آپشن کا آغاز یورپی یونین کے قواعد و ضوابط کے نفاذ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
نئی تبدیلی کے بعد، لاکھوں صارفین کو پلیٹ فارم پر فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا وہ ایپ کو اشتہارات کے ساتھ استعمال کرنا چاہتے ہیں یا اشتہارات کو ہٹانے کے لیے ادائیگی کرنا چاہتے ہیں۔
تاہم صارفین نے میٹا کے اس پلان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ وہ رقم ادا کرنے کے بجائے اپنے اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کر دیں گے۔
ماہانہ سبسکرپشن پیکج کے لیے ویب صارفین کو $10.57 ادا کرنا ہوں گے جبکہ iOS اور Android صارفین کو $13.75 ادا کرنے ہوں گے۔
میٹا کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک صارف نے X (سابقہ ٹویٹر) پر لکھا کہ اس کی قیمت کون ادا کرے گا؟ جبکہ ایک صارف نے ‘الوداع’ لکھا۔
ایک اور ایکس صارف نے لکھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کرنے کے لیے کون ماہانہ 10 یورو ادا کرے گا۔
ایک صارف نے میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایکس سی ای او ایلون مسک کی نقل کر رہے ہیں۔ براہ کرم تھوڑا تخلیقی بنیں۔