کویت اردو نیوز : میٹا کا ذیلی ادارہ فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام ایک ایسے فیچر پر کام کر رہا ہے جو صارفین کو چیٹ کرنے کے لیے AI دوست بنانے کی اجازت دے گا۔
انسٹاگرام کی جانب سے اس طرح کے فیچر کے اعلان سے پتہ چلتا ہے کہ میٹا اپنے صارفین کے لیے مصنوعی ذہانت کے متعدد فیچرز پر کام کر رہا ہے جس سے وہ چیٹ کر سکیں گے۔
اس نئے فیچر کا خاص مقصد لوگوں کی تنہائی کو دور کرنا ہے اور اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے لوگ اپنے AI دوستوں کا انتخاب کر سکیں گے اور ان سے بات چیت کر سکیں گے۔
پلیٹ فارم میں اس نئی خصوصیت کی نشاندہی ایپ کے محقق الیسانڈرو پیلوسی نے کی۔ تاہم کمپنی نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
فیچر کے حوالے سے ظاہر ہونے والے کوڈ میں کہا گیا ہے کہ لوگ اپنے AI دوست کی جنس، عمر اور قومیت کا تعین کر سکیں گے۔ بعد میں ان کرداروں کی شخصیت کی خصوصیات کا تعین کیا جا سکتا ہے۔
آخر میں اس دوست کو ایک نام اور چہرہ دیا جائے گا اور صارفین انسٹاگرام کے ڈائریکٹ میسج فیچر کے ذریعے ان سے بات کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ ایسا فیچر میٹا کے دیگر پلیٹ فارمز (جیسے واٹس ایپ) پر بھی متعارف کرایا جائے گا۔ جبکہ اسنیپ چیٹ جیسی دیگر ایپس بھی ایسے فیچرز پر کام کر رہی ہیں جس میں AI چیٹ بوٹس عام دوستوں کی طرح بات کر سکیں گے۔