کویت اردو نیوز : فوری پیغام رسانی کی ایپلی کیشن واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے جلد ہی ایک نیا فیچر متعارف کرانے جا رہی ہے جس کے بعد صارفین اپنی پروفائل پر متبادل تصاویر لگا سکیں گے۔ کمپنی کی جانب سے اس فیچر کو متعارف کرانے کا مقصد صارفین کی پرائیویسی کو بہتر بنانا ہے۔
واٹس ایپ بیٹا انفارمیشن کے مطابق متبادل تصاویر کا انتخاب کرنے کا آپشن واٹس ایپ صارفین کی پرائیویسی کو مزید بہتر بنائے گا۔ فی الحال صارفین اپنی پروفائل تصویر کے لیے چار آپشنز میں سے انتخاب کر سکتے ہیں جن میں ‘Everyone’، ‘contacts Only’، ‘except Contacts’ اور ‘None’ شامل ہیں۔
تاہم، اس نئے فیچر کو استعمال کرتے ہوئے، صارفین اپنے پروفائل پر ایک متبادل تصویر اور نام ڈال سکیں گے اور ان کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ کون ان کی پروفائل دیکھ سکتا ہے اور کون نہیں دیکھ سکتا۔
واضح رہے کہ یہ فیچر آزمائشی مراحل میں ہے اور فی الحال بیٹا صارفین کے لیے بھی جاری نہیں کیا گیا ہے۔
نیز، واٹس ایپ گروپ چیٹس میں ایونٹس کو منظم کرنے کے لیے ایک فیچر کی جانچ کر رہا ہے۔ اس فیچر کا استعمال کرتے ہوئے آپ ایپ کے ساتھ براہ راست ایونٹس تخلیق اور مربوط کر سکیں گے۔