کویت اردو نیوز : گوگل کی انتہائی مقبول ترین سروس میپس میں 3 نئے فیچرزمتعارف کروائے گئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ نئے فیچرز صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے گئے ہیں۔
ان خصوصیات میں سے ایک ٹرانزٹ ڈائریکشنز ہیں۔ یہ فیچر صارفین کو اپنی مطلوبہ منزل کے لیے بہترین راستے کا تعین کرنے میں مدد دے گا۔ یہ فیچر سفر کی لمبائی، منزل تک پہنچنے کے ممکنہ وقت و دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین راستے کی نشاندہی کرے گا۔ اس فیچر کے ذریعے صارف یہ جان سکے گا کہ مطلوبہ منزل تک پہنچنے کے لیے کس پبلک ٹرانسپورٹ کا انتخاب کرنا ہے یا کہاں پیدل جانا بہتر ہوگا۔
ایک اور خصوصیت collaboration لسٹ ٹول ہے۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنے دوستوں کے ساتھ گھومنے پھرنے کا منصوبہ بنا سکیں گے اور ووٹ دے کر مقام کا انتخاب کر سکیں گے۔ گوگل کے مطابق، جب آپ Maps پر دوستوں کے ساتھ کسی مقام کا اشتراک کرتے ہیں، تو آپ فوری طور پر ایک مشترکہ فہرست بنا سکتے ہیں اور وہاں اپنے سفر کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔ دوستوں کے گروپ میں ہر کوئی ان مقامات کو فہرست میں شامل کر سکے گا جن کا وہ دورہ کرنےکا ارادہ کررہے ہیں۔
ان میں سے ایک جگہ کا انتخاب ووٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا اور ووٹ کے لیے ایموجیز کے رد عمل کا استعمال کیا جائے گا۔
تیسری خصوصیت ایموجی ری ایکشنز ہے۔ اس فیچر میں ہارٹ سمیت دیگر ایموجیز کا استعمال ممکن ہوگا۔ کمپنی کے مطابق جب آپ کوئی تصویر، ویڈیو یا ریویو دیکھیں گے تو آپ ایموجیز کے ذریعے اپنے ردعمل کا اظہار کر سکیں گے۔ اسی طرح آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) اور ایموجی کچن کے ذریعے میش اپ ری ایکشن بنانا ممکن ہوگا۔