کویت اردو نیوز: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آج ریاض میں مشترکہ عرب اسلامی غیر معمولی سربراہی اجلاس کے موقع پر کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی۔
رہنماؤں نے مقبوضہ فلسطین میں جاری تنازعہ پر تبادلہ خیال کیا اور غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور محاصرے کے دوران شہریوں کے بنیادی ڈھانچے کی بڑے پیمانے پر تباہی اور ہلاکتوں کی تعداد میں تشویشناک صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے جنگ بندی، محاصرے کے خاتمے اور غزہ کے محصور لوگوں کے لیے انتہائی ضروری انسانی امداد کی فراہمی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے اسرائیل کے ناجائز قبضے سے آزادی کے لیے فلسطینی کاز پر پاکستان کے دیرینہ اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کو بھی اجاگر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات بالخصوص اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کویتی ولی عہد کو SIFC کے بارے میں آگاہ کیا اور کویت کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع دیکھنے کی دعوت دی۔
ولی عہد کویت نے یہ پیغام کویت کے متعلقہ حکام تک پہنچانے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کویت کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو بھی سراہا۔