کویت اردو نیوز : ایران نے آنےوالے برسوں میں انسانی خلائی مشن کی تیاری کیلیے جانوروں کو لے جانے والا کیپسول مدار میں بھیج دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایران کی خبر رساں ایجنسی ارنا کی ایک رپورٹ میں ٹیلی کمیونیکیشن کے وزیر عیسیٰ زارع پور کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کیپسول کو 130کلومیٹر (80 میل) کےفاصلے پر مدارمیں چھوڑاگیاہے۔
عیسی زراع پور نے کہا کہ 500 کلوگرام (1,000 پاؤنڈ) کیپسول کے اجراء کا مقصد آنے والے سالوں میں ایرانی خلابازوں کو خلا میں بھیجنا ہے۔
وزیر مواصلات نے یہ نہیں بتایا کہ کیپسول میں کس قسم کے جانور مدار میں بھیجے گئے تھے۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے سلمان راکٹ کے ایک کیپسول کو خلا میں بھیجنے کی فوٹیج دکھائی ہے۔
اس سے قبل ایران مختلف سیٹلائٹس اور دیگر قسم کے خلائی راکٹوں کے کامیاب تجربے کا اعلان کرتا رہا ہے۔
ایران نے ستمبر میں کہا تھا کہ اس نے ڈیٹا اکٹھا کرنے والا سیٹلائٹ خلا میں بھیجا ہے جب کہ مغربی ممالک ایران کے سیٹلائٹ پروگرام کو مشکوک قرار دے رہے ہیں۔
ایران نے 2013 میں اعلان کیا تھا کہ اس نے ایک بندر کو خلا میں بھیجا ہے اور اسے کامیابی سے واپس لایا ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ ہمارا سیٹلائٹ پروگرام سائنسی تحقیق اور دیگر قسم کی عوامی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری ہے۔
دوسری جانب امریکہ اور دیگر مغربی ممالک ایک عرصے سے ایران کے سیٹلائٹ پروگرام کو مشکوک قرار دے رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کو طویل فاصلے تک مار کرنےوالے میزائل بنانے کیلیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔