کویت اردو نیوز : اسرائیلی فوج نے غزہ کی قدیم ترین 650 سال پرانی مسجد العمری پر بمباری کر کے اسے شہید کر دیا ہے ۔
7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں تاریخی اہمیت اور قومی ورثے کا درجہ رکھنے والی متعدد مساجد شہید جبکہ 120 سے زائد مساجد کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے 650 سال قبل تعمیر ہونے والی غزہ کی سب سے بڑی اور قدیم ترین مسجد پر وحشیانہ بمباری کی۔
قدس نیوز نیٹ ورک کی سماجی ویب سائٹ ایکس نے اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والی العمری مسجد کی تصاویر شائع کی ہیں جس کی الجزیرہ نے بھی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ جہاں غزہ میں اسرائیلی فوج کی جاری بمباری سے ہزاروں گھر تباہ اور مساجد شہید ہو چکی ہیں وہیں غزہ کے قدیم ثقافتی مقامات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
ہیریٹیج فار پیس کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ میں 100 سے زائد ثقافتی مراکز تباہ ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 46 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔