کویت اردو نیوز : ایران میں ایک خاکروب نے سڑک کے کنارے کچرے کے ڈھیر سے ملنے والا سونے اور ڈالروں سے بھرا بیگ اس کے مالک کو واپس کر دیا ہے ۔
انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں ایران کے صوبہ لرستان کے شہر الیگودرس میں کوڑا اٹھانے والے کو سڑک کے کنارے کچرے کے ڈھیر سے سونے کی اشیاء اور 30 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کے نوٹوں سے بھرا ایک بیگ ملا۔
رپورٹ کے مطابق یہ بیگ دراصل ایک 50 سالہ خاتون کا تھا جسے اس کے پوتے نے کچرے کا تھیلا سمجھ کر پھینک دیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 52 سالہ شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایرانی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس نے بیگ سے ملے بینک کارڈ کی مدد سے مالک کا سراغ لگایا اور بیگ واپس کر دیا۔
تاہم اس شخص نے بیگ کو کچھ دنوں تک اپنے پاس رکھا اور اسے بحفاظت اس کے مالک کو واپس کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے میرے والدین نے بچپن سے ہی سکھایا تھا کہ جب بھی کوئی چیز زمین پر پڑی ہو تو اسے رکھنے کے بجائے اس کے مالک کو واپس کر دو۔