کویت اردو نیوز : بھارت میں بندر کے آئی فون چھین کر بھاگنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔
بندروں کی شرارتوں سے ہر کوئی واقف ہے جو انسانوں سے بالکل نہیں ڈرتے اور ان کا سامان چوری کرتے ہیں۔
ہندوستان جیسے ملک میں اس طرح کے واقعات عام ہیں کیونکہ کئی ریاستوں میں بندروں کی بڑی تعداد موجود ہے جو کبھی انسانوں کو کاٹ لیتے ہیں اور کبھی ان سے چیزیں چھین کر بھاگ جاتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایسا ہی واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر ورنداون میں ایک مندر کے باہر پیش آیا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مندر کے احاطے میں تعمیرات پر دو بندر بیٹھے ہیں اور ان میں سے ایک کے پاس مندر میں آنے والے ایک شخص کا چوری شدہ آئی فون ہے۔
ویڈیو میں لوگوں کے ایک گروپ کو بندر سے آئی فون چھیننے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، وہ بندر پر ایسی چیزیں پھینکتے ہیں کہ بندر فون کو دور پھینک دے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگوں کی محنت رنگ لائی اور بندر آئی فون پھینک کر بھاگ گیا، جس پر لوگوں نے تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔