کویت اردو نیوز: حرمین شریفین کے نگران ادارے کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی میں 24 گھنٹے سینیٹائزنگ، صفائی اور معطر کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
المدینہ اخبار کے مطابق اعلیٰ ادارے کا کہنا ہے کہ زائرین کی سہولت کے لیے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اندر، صحنوں کے باہر اور چھتوں پر جراثیم کش چھڑکاؤ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سینکڑوں کارکن مسجد نبوی کی سینیٹائزنگ اور صفائی میں مصروف ہیں۔ اس مقصد کے لیے جدید مشینیں بھی استعمال کی جا رہی ہیں اور دستی وسائل بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔
روزانہ کی بنیاد پر 20 ہزار قالینوں کو صاف اور سینی ٹائز کیا جا رہا ہے۔ مصروف ترین اوقات میں، خاص طور پر جمعہ کے دن زائرین اور عبادت گزاروں کے لیے ایک مثالی ماحول فراہم کرنے کے لیے صفائی، دھلائی، سینیٹائزنگ اور معطر کرنے کے کاموں میں اضافہ کیا جاتا ہے۔
نگران ادارے نے نشاندہی کی کہ عشاء کی نماز سے قبل بیرونی صحنوں اور راہداریوں کی صفائی طے شدہ پروگرام کے مطابق گاڑیوں اور مشینوں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
صفائی کرنے والے اس بات کا خاص خیال رکھتے ہیں کہ مرد اور خواتین سو دروازوں سے نمازیوں کا داخلہ اور باہر نکلنا ان کے کام کی وجہ سے متاثر نہ ہو۔