کویت اردو نیوز : اب تک کئی کمپنیاں فولڈ ایبل فون تیار کر چکی ہیں لیکن ایپل نے ایسا آئی فون متعارف نہیں کرایا۔ اب اس حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ایپل کی پہلی فولڈ ایبل ڈیوائس آئندہ چند سالوں میں متعارف کرائی جا سکتی ہے۔
9 ٹو 5 میک کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل کی پہلی فولڈایبل ڈیوائس 2026 یا 2027 میں متعارف کرائی جا سکتی ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ فولڈ ایبل آئی فون ہوگا یا آئی پیڈ منی کا متبادل۔
خیال رہے کہ ایپل نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں جلدی نہیں کرتا اور اس کے بہتر ہونے کا انتظار کرتا ہے۔ فولڈ ایبل فونز اب تیار کیے جا رہے ہیں لیکن ان میں بہت سے مسائل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اس ڈیوائس کی اندرونی اسکرین 7 سے 8 انچ تک ہوسکتی ہے اس لیے اسے آئی پیڈ منی کے متبادل کے طور پر پیش کیا جاسکتا ہے۔ لیکن ابھی تک اس ڈیوائس کی تفصیلات کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔
خیال رہے کہ فولڈ ایبل آئی فون کے حوالے سے افواہیں کافی عرصے سے آرہی ہیں۔ اپریل 2022 میں ایک تجزیہ کار منگ چی کیو نے پیش گوئی کی تھی کہ پہلا فولڈ ایبل آئی فون 2025 میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
2021 میں، مختلف رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ایپل ان ہاؤس فولڈنگ ڈسپلے کے پروٹوٹائپ ماڈلز پر کام کر رہا ہے۔ کچھ رپورٹس کے مطابق ایپل آئی فون سے پہلے فولڈ ایبل آئی پیڈ ٹیبلیٹ متعارف کرا سکتا ہے۔