کویت اردو نیوز : کھجور میں فائبر کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور یہ غذائی اجزاء ہاضمے کی صحت کے لیے بہت ضروری ہیں۔تحقیق سے پتا چلا ہے کہ جو لوگ روزانہ کھجور کھاتے ہیں ان کا معدہ دوسروں کے مقابلے بہتر ہوتا ہے۔
امریکا کی نارتھ ڈکوٹا اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق کھجور میں ایسے اجزا ہوتے ہیں جو ہڈیوں کی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔ ایک تحقیق کے ذریعے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کھجور میں فاسفورس، پوٹاشیم، کیلشیم ، میگنیشیم جیسے اجزاءموجود ہوتے ہیں جو ہڈیوں کو مضبوط بنانے اور مختلف بیماریوں سے تحفظ فراہم کرنے کا کام کرتے ہیں۔
کھجور فائبر، پوٹاشیم، میگنیشیم، وٹامنز ، اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے اور اس لیے یہ جسم کی توانائی کے لیے بہترین ہے۔ اس پھل کو کھانے سے جسم میں توانائی کی سطح طویل عرصے تک برقرار رہتی ہے۔
اس کے علاوہ اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور یہ پھل جسم سے زہریلے مادوں کو نکال کر ہاضمے کو بہتر بناتا ہے جس سے میٹابولزم تیز ہوتا ہے اور جسمانی وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
کھجور میں وٹامن بی 6 ہوتا ہے، جو جسم کو سیروٹونن ، نورپائنفرین جیسے کیمیکل بنانے میں مدد کرتا ہے۔یہ کیمیکل دماغی صحت کو بہتر بناتے ہیں، اور سیروٹونن موڈ کو بہتر بناتا ہے جبکہ نوریپینفرین تناؤ سے لڑتا ہے۔
ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کھجور کھانے سے جسم میں چربی اور آکسیڈیٹیو تناؤ کم ہوتا ہے، یہ دونوں امراض قلب کے خطرے کے عوامل ہیں، کھجور میں پوٹاشیم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اور یہ غذائیت بلڈ پریشر کو کم کرتا ہے جس سے دل کی بیماری اور فالج کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
کھجوریں جسمانی وزن کو کنٹرول کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں، اس میں موجود فائبر آپ کو لمبے عرصے تک پیٹ بھرنے کا احساس دلاتے رہتے ہیں جب کہ آپ کے بلڈ شوگر لیول میں تیزی سے اضافہ نہیں ہوتا۔
لیکن اسی لیے ضروری ہے کہ دن میں 3 سے زیادہ کھجوریں کھانے سے گریز کیا جائے، کیونکہ اس سے زیادہ کھجور کھانے سے صحت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔