کویت اردو نیوز 18 جنوری: وزارت تعلیم اور صحت دوسرے سمسٹر کےآغاز سے قبل اسکولوں میں طلباء کی بتدریج واپسی کی تجویز پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج پیر کے روز وزیر تعلیم اور وزیر اعلی تعلیم ڈاکٹر علی المضف نے تعلیمی سال کے دوسرے سمسٹر کے لئے اسکولوں میں بتدریج واپسی کی تجویز پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے وزارت تعلیم اور صحت کے مابین مشترکہ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا۔ وزارت تعلیم کے ایک بیان کے مطابق المضف نے اس اجلاس میں کہا کہ "صحت کے تعاون سے وزارت صحت کے تمام معیارات اور تقاضوں پر اس انداز سے عمل پیرا ہوا جائے کہ طلباء اور تعلیمی اور انتظامی عملے کے تحفظ کی ضمانت ہو یقینی بنائی جا سکے”۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس اجلاس میں اسکولوں کی بتدریج واپسی کے منصوبے کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دوسرے سمسٹر کے آغاز پر ویکسی نیشن کی ایک جامع مہم شروع کرنے کے علاوہ اس سلسلے میں مناسب فیصلے لینے کے لئے بھی بات چیت کی گئی۔ یہ بات واضح کی گئی کہ ترجیحات اور فیصلوں پر اتفاق وزارتی کونسل میں کیا جائے گا تاکہ تعلیمی عمل سے فائدہ حاصل کیا جاسکے۔
وزارت تعلیم کے قائم مقام سیکرٹری اسسٹنٹ سیکرٹری برائے تعلیمی ترقی و سرگرمیاں فیصل المقصید نے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ "وزراء کے مابین ہم آہنگی کے لئے یہ اجلاس اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہے۔ جس میں صحت کے حکام اور وزارت صحت کے مابین اسکولوں کی بتدريج واپسی سے متعلق کئی اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
المقصید نے مزید کہا کہ اس اجلاس کے دوران وزارت تعلیم کی جانب سے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا اور فی الوقت ملک میں رائج فاصلاتی تعلیم کے عمل کے تسلسل یا اسکولوں کے کھلنے کی صورت میں بہت ساری صحت کی ضروریات طے کی گئیں ہیں۔